ذرائع کا بتانا ہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی پارلیمنٹ ہاؤس میں وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ سے اہم ملاقات ہوئی ، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے اہم قومی امور پر سیاسی اتفاق رائے کے تحت آگے بڑھنے کی تجویز دی جبکہ اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے با معنی مذاکرات کا ماحول پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ محمود خان اچکزئی نے ملاقات کے دوران رانا ثناء اللہ کے سامنے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کا معاملہ بھی اٹھایا۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان رہائی فورس کیسے کام کرے گی؟
یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں اپوزیشن اتحاد کے اجلاس کے دوران اپوزیشن نے آئین، جمہوریت ، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی کے لیے مذاکرات کے لیے آمادگی کا اظہار کیا اور نئے میثاق بنانے پر اتفاق کیا تھا۔
اپوزیشن نے آئین، جمہوریت، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی پر ڈائیلاگ کے لیے آمادگی ظاہر کی۔
خیال رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کو حکومت سے مذاکرات کا اختیار دیا تھا۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزدہ حسین کے مطابق محمود خان اچکزئی نے کہا تھا ہمارے مذاکرات کا مرکز اڈیالہ جیل ہو گا اور وہیں سے رہنمائی لی جائے گی۔