خیبرپختونخوا میں پونے 4 کروڑ سے زائد کے گڑبڑ گھوٹالے کا انکشاف
خیبرپختونخوا میں 3 کروڑ 84 لاکھ 52 ہزار 800 روپے کی رقم مبینہ فراڈ کے ذریعے نکالنے کا انکشاف ہوا ہے۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) خیبرپختونخوا میں 3 کروڑ 84 لاکھ 52 ہزار 800 روپے کی رقم مبینہ فراڈ کے ذریعے نکالنے کا انکشاف ہوا ہے۔

محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا کی دستاویز کے مطابق جعلی دستخطوں سے جاری چیک کے ذریعے سرکاری فنڈز نکلوانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی،ایس ڈی او اور ایکس ای این بلڈنگ ڈویژن ایبٹ آباد کے جعلی دستخط استعمال ہونے کا انکشاف ہوا۔

دستاویز کے مطابق چیک پری آڈٹ اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفس کلیئرنس کے بغیر پراسیس کیا گیا، رقم پہلے نیشنل بینک اور بعد ازاں فیصل بینک ایبٹ آباد برانچ منتقل کی گئی، بروقت کارروائی سے تقریباً 4 کروڑ روپے منجمد کر کےقومی خزانے کو بڑا نقصان ہونے سے بچا لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان علاج انکی مرضی کے ڈاکٹر سے کرایا جائیگا،رانا ثنااللہ

محکمہ خزانہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فراڈ سرکاری مالیاتی طریقہ کار سے ہٹ کر کیا گیا، ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر ایبٹ آباد سردار آفتاب کو فوری طور پر رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،واقعہ کی جامع انکوائری شروع کر دی گئی، ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

حکام کی جانب سے بتایا گیا کہ تمام ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسرز اور سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کو سخت مالیاتی کنٹرول یقینی بنانے کی ہدایت کر دی گئی ہے، عوامی فنڈز کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔