جماعت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ گزشتہ شب مولانا عبدالغفور حیدری اچانک دل کے عارضے کا شکار ہوئے، جس کے بعد فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔
مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کے بارے میں جمعیت علمائے اسلام کے سینئر رہنماؤں نے عوام کو آگاہ کرتے ہوئے دعا کی اپیل کی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ان کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹروں کی ٹیم ان کی حالت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔
اس موقع پر جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، رہنما کامران مرتضیٰ اور دیگر مرکزی رہنماؤں نے اسپتال پہنچ کر مولانا عبدالغفور حیدری کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا عبدالغفور حیدری کی طبیعت میں فی الحال استحکام ہے، لیکن ڈاکٹروں نے مکمل آرام اور ہنگامی طبی نگرانی کی ہدایت دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سینئر سیاستدان زعیم قادری انتقال کر گئے
پارٹی کارکنان اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مولانا عبدالغفور حیدری کی صحت کیلئے دعا کریں اور اسپتال کے اردگرد غیر ضروری ہجوم سے گریز کریں۔
ذہن نشین رہے کہ مولانا عبدالغفور حیدری جماعت کے اہم رہنما ہیں اور ان کی صحت کی صورتحال پارٹی کے سینٹرل ورک میں بھی اثر ڈال سکتی ہے، اس لیے پارٹی قیادت ان کی بحالی اور جلد صحتیابی کیلئے تمام انتظامات کر رہی ہے۔