معروف اداکار احسن خان کے والد انتقال کر گئے
خبر سامنے آتے ہی شوبز انڈسٹری، مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تعزیت اور دعاؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔
احسن خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنے والد کے ساتھ یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ بعض جدائیاں انسان کو زندگی کی سب سے بڑی حقیقت کا احساس دلاتی ہیں کہ اس دنیا میں کوئی بھی چیز ہمیشہ رہنے والی نہیں اور ہر شے اللہ تعالیٰ کی امانت ہے۔
اداکار نے اپنے والد کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہایت شاندار انسان تھے اور ان کی شخصیت، تربیت اور رہنمائی نے ان کی زندگی کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا۔ احسن خان نے لکھا کہ آج وہ جو کچھ بھی ہیں، اس میں ان کے والد کی محبت، دعاؤں اور قربانیوں کا بہت بڑا حصہ شامل ہے۔
انہوں نے اس کٹھن وقت میں ساتھ دینے والے تمام دوستوں، ساتھی فنکاروں، مداحوں اور خیر خواہوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی محبت، دعاؤں اور حوصلہ افزائی نے انہیں یہ احساس دلایا کہ وہ اس آزمائش میں تنہا نہیں ہیں، جس پر وہ سب کے بے حد ممنون ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:وسیم عباس نے اہلیہ صبا حمید سے علیحدگی کی تصدیق کر دی
احسن خان کے والد کے انتقال کی خبر کے بعد شوبز شخصیات، قریبی دوستوں اور مداحوں نے سوشل میڈیا پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبرِ جمیل کی دعائیں کیں۔
متعدد فنکاروں نے احسن خان کے نام تعزیتی پیغامات بھی جاری کیے اور انہیں اس ناقابلِ تلافی نقصان پر دلی ہمدردی کا یقین دلایا۔