بھارتی نژاد برطانوی فلم ساز سائرس پٹیل نے اسلام قبول کر لیا
رپورٹس کے مطابق ممبئی میں پیدا ہونے والے برطانوی فلم ساز اور پروڈکشن سے وابستہ شخصیت سائرس پٹیل نے لندن میں اسلام قبول کر لیا۔
یہ خبر اس وقت سامنے آئی جب مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ایک دستاویز تیزی سے وائرل ہوئی، جسے سائرس پٹیل کے قبولِ اسلام کا سرٹیفکیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ دستاویز لندن کی مرکزی مسجد اور اسلامک کلچرل سینٹر کی جانب سے جاری کی گئی ہے تاہم اس حوالے سے باضابطہ تفصیلات سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس پیش رفت کو اس لیے بھی خاص اہمیت دی جا رہی ہے کیونکہ حالیہ دنوں میں ہالی ووڈ اداکار جیانکار لو ایسپوسیتوکے اسلام قبول کرنے سے متعلق خبریں بھی گردش کر چکی ہیں۔
اب سائرس پٹیل کا نام سامنے آنے کے بعد فلمی حلقوں اور صارفین میں اس موضوع پر نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔
سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین ترکی آل الشیخ نے بھی اس معاملے سے متعلق آن لائن شیئر ہونے والی دستاویز کو شیئر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: معروف امریکی اداکار جیانکار لو ایسپوسیتو نے اسلام قبول کر لیا
ان کے مطابق سائرس پٹیل نے سعودی عرب میں ایک فلمی منصوبے کے دوران وقت گزارنے کے بعد اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کیا۔
واضح رہے کہ سائرس پٹیل ممبئی میں پیدا ہوئے اور 1999 سے لندن میں مقیم ہیں، وہ بین الاقوامی فلمی صنعت میں بطور لائن پروڈیوسر اور ایونٹ پروڈکشن مینیجر کام کر چکے ہیں۔
ان کے کریڈٹ میں دی منسٹری آف انجینٹلمینلی وار فیئر اور کندھار جیسے بڑے فلمی منصوبے بھی شامل ہیں۔