بھارتی سینیئر پروڈیوسر راجن نے خودکشی کرلی
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 85 سالہ پروڈیوسر کی لاش چنئی کے آدیار دریا سے برآمد ہوئی، پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب کے راجن آدیار پل کے قریب سفر کر رہے تھے، بتایا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے ڈرائیور سے گاڑی روکنے کو کہا، جس کے بعد وہ گاڑی سے اترے اور دریا کی جانب چلے گئے۔
ڈرائیور نے فوری طور پر امدادی اداروں کو اطلاع دی، جس کے بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور تلاش کا عمل شروع کیا۔ بعد ازاں حکام نے ان کی لاش برآمد کرکے ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کیلئے منتقل کر دی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھیں:معروف بھارتی اداکارہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں
واضح رہے کہ کے راجن تامل فلم انڈسٹری کی ایک نمایاں شخصیت تھے، جنہوں نے 1980 کی دہائی میں بطور فلم پروڈیوسر اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ انہوں نے کئی فلمی منصوبوں پر کام کیا اور بعض فلموں کی ہدایت کاری بھی انجام دی۔ اس کے علاوہ وہ فلم ڈسٹری بیوٹرز کی ایک تنظیم کے صدر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے تھے۔