معروف بھارتی اداکار سنتوش نائر ٹریفک حادثے میں ہلاک

Santosh Nair accident news
فائل فوٹو
Updated | Published May, 6 2026 |
کیرالہ:)ویب ڈیسک) بھارتی ملیالم فلم انڈسٹری کے معروف اور سینئر اداکار سنتوش نائر ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہار گئے، جبکہ ان کی اہلیہ سبھاشری شدید زخمی ہو گئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار کی گاڑی ایک تیز رفتار لاری سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا، حادثے کے دوران سنتوش نائر کو شدید اندرونی چوٹیں آئیں، خاص طور پر ان کا سینہ اسٹیئرنگ وہیل سے ٹکرایا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

ان کی اہلیہ سبھاشری بھی حادثے میں زخمی ہوئیں، ان کی پسلیوں میں فریکچر ہوا ہے، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، تاہم ابتدائی طور پر اسے ایک حادثاتی تصادم قرار دیا جا رہا ہے۔

سنتوش نائر کے پسماندگان میں ان کی اہلیہ اور ایک بیٹی راجشری ایس نائر شامل ہیں، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی کہ حادثے کے وقت ان کی بیٹی گاڑی میں موجود تھی یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:معروف اداکار علی خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے

خیال رہے کہ سنتوش نائر نے 1982 میں اپنے فلمی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور چار دہائیوں پر محیط کیریئر میں 100 سے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ انہوں نے ملیالم سنیما کے بڑے ستاروں جیسے پرتھوی راج سوکومرن اور موہن لال کے ساتھ بھی کام کیا۔

ان کے انتقال پر بھارتی فلمی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ مداحوں کی جانب سے بھی تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔