معروف اداکار علی خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے
اہلِ خانہ کے مطابق اداکار کو اچانک طبیعت کی خرابی محسوس ہوئی، جس پر انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، وہاں وہ تقریباً دو گھنٹے تک ایمرجنسی وارڈ میں زیرِ علاج رہے تاہم ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود وہ جانبر نہ ہوسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ علی خان اپنی ناساز طبیعت کے باوجود لاہور میں واقع حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر حاضری دینے کے لیے روانہ ہوئے تھے، راستے میں ہی ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی اور انہیں دل کا شدید دورہ پڑا اس دوران وہ موٹر سائیکل سے گر گئے، جس کے بعد انہیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال پہنچایا گیا، مگر ان کی حالت تشویشناک رہی اور بالآخر وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
اداکار کے انتقال کی خبر سنتے ہی ان کے مداحوں اور ساتھی فنکاروں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی، سوشل میڈیا پر بھی متعدد شخصیات نے ان کی فنی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔
یہ بھی پڑھیں: معروف بھارتی اداکارہ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں
مرحوم علی خان نے اپنے کیریئر میں کئی یادگار کردار ادا کیے اور اپنی منفرد اداکاری سے ناظرین کے دل جیتے۔
انتقال کے بعد ان کے بھائی میت کو آبائی شہر گوجرانوالہ لے گئے، جہاں آج ان کی نمازِ جنازہ ادا کی جائے گی جس میں اہلِ علاقہ اور مداحوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
علی خان کی وفات پاکستانی فلم انڈسٹری کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دی جا رہی ہے اور ان کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔