سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے والے طلاق نامے کے مطابق رجب علی بٹ نے اپنی اہلیہ ایمان اسد کو طلاق دے دی ہے۔ دستاویز کے مطابق دونوں کی شادی 3 دسمبر 2023 کو پاکستانی قانون کے تحت ہوئی تھی، تاہم شادی کے کچھ عرصے بعد ہی ان کے درمیان اختلافات پیدا ہونا شروع ہو گئے، جو وقت کے ساتھ بڑھتے گئے اور بالآخر علیحدگی تک جا پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوبر رجب بٹ نے اپنی بیوی سے علیحدگی کا اعلان کر دیا
خاندانی افراد اور قریبی دوستوں نے کئی مرتبہ صلح کرانے کی کوشش بھی کی، تاہم تمام کوششیں ناکام رہیں۔ آخرکار رجب بٹ نے مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961 کے تحت باضابطہ طور پر طلاق کا اعلان کر دیا۔ طلاق کی قانونی دستاویز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گئی، جس کے بعد یہ خبر رجب بٹ کے مداحوں اور فالوورز کے درمیان سب سے زیادہ زیرِ بحث موضوع بن گئی۔

طلاق نامہ وائرل ہونے کے بعد ایمان اسد نے بھی سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے اس معاملے پر اپنی خاموشی توڑی۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس رشتے کو بچانے کے لیے خاموشی اختیار کی۔ لیکن پہلے پوڈکاسٹ میں لگائے گئے جھوٹے الزامات اور اب یہ قانونی نوٹس، میں صرف یہ پوچھنا چاہتی ہوں کہ اس سب میں میرا اور میرے بیٹے کا کیا قصور ہے ؟ میرے پاس کہنے کو بہت کچھ ہے، لیکن اس مقدس مہینے کی حرمت کی وجہ سے ابھی بھی خاموش ہوں۔