عالمی منڈی میں تیل مسلسل چوتھے روز سستا
معاشی ماہرین کے مطابق تیل کی قیمتوں میں کمی کی بڑی وجوہات میں امریکا کے سیاسی حالات اور مشرق وسطیٰ میں جنگ پھیلنے کے خدشات میں کمی شامل ہیں۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 97 سینٹ یعنی 1.03 فیصد کم ہوکر 93 ڈالر 65 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔ اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر 14 سینٹ یعنی 1.29 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 86 ڈالر 98 سینٹ فی بیرل پر آگئی۔
گزشتہ کاروباری سیشن میں بھی دونوں اہم عالمی بینچ مارکس کی قیمتوں میں 8 فیصد سے زائد کمی ہوئی تھی اور وہ 31 اگست کے بعد اپنی کم ترین سطح پر بند ہوئے تھے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ میں جنگ کا خاتمہ ہوتا ہے تو خطے سے تیل کی ترسیل معمول پر آنے کے باعث عالمی منڈی میں رسد مزید بہتر ہوسکتی ہے، تاہم سفارتی پیش رفت کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔
دوسری جانب آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب پہنچ چکی ہے، تاہم ترسیل کے اخراجات میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں ایل پی جی ایسوسی ایشن کا ہڑتال کا اعلان
جے پی مورگن کے مطابق خلیجی ممالک سے تیل کی سپلائی بحال ہونے کے بعد کئی ماہ میں پہلی مرتبہ عالمی منڈی میں رسد طلب سے بڑھ گئی ہے۔ ستمبر میں یومیہ 11 لاکھ بیرل اضافی رسد ریکارڈ کی گئی، جو اکتوبر میں بڑھ کر 14 لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچنے کا تخمینہ ہے۔