سوشل میڈیا سے کمائی کرنے والوں کیلئے اہم خبر
وفاقی ریونیو بورڈ نے سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدن کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے کیلئے طریقہ کار وضع کرنے کا اعلان کردیا۔
ایف بی آر کے مطابق یوٹیوب، فیس بک، ٹک ٹاک اور انسٹاگرام سمیت مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے آمدن کمانے والے افراد ٹیکس کے دائرہ کار میں شامل ہوں گے، سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدن پر باقاعدہ انکم ٹیکس لاگو ہوگا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں سوشل میڈیا مواد سے آمدن کو ٹیکس نظام کا حصہ بنانے کے حوالے سے طریقہ کار بیان کیا گیا، اس اقدام کا مقصد ڈیجیٹل ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن کو موجودہ ٹیکس نظام کے تحت لانا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سوشل میڈیا سے آمدن حاصل کرنے والے افراد کیلئے ٹیکس وصولی کا خصوصی طریقہ کار وضع کیا جائے گا۔ اس میں مختلف پلیٹ فارمز سے حاصل ہونے والی آمدن کو ٹیکس نظام میں شامل کرنے کیلئے مخصوص قواعد مرتب کیے جائیں گے۔
یوٹیوب پر ویڈیوز، فیس بک اور انسٹاگرام پر مواد، جبکہ ٹک ٹاک کے ذریعے آمدن حاصل کرنے والے افراد بھی نئے طریقہ کار کے تحت ٹیکس ذمہ داریوں کا سامنا کریں گے۔
ایف بی آر کے مطابق ڈیجیٹل معیشت میں تیزی سے اضافے کے باعث سوشل میڈیا سے حاصل ہونے والی آمدن کو بھی ٹیکس نظام میں شامل کرنا ضروری ہے۔ نئے قواعد کے ذریعے اس شعبے سے ہونے والی آمدن کی دستاویز بندی اور ٹیکس وصولی کا نظام مزید منظم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں نیچے آگئیں
اس پیش رفت کے بعد سوشل میڈیا پر مواد تیار کرکے آمدن حاصل کرنے والے افراد کو اپنی ٹیکس ذمہ داریوں پر توجہ دینا ہوگی، جبکہ نئے قواعد کے حتمی نفاذ سے متعلق مزید تفصیلات بھی سامنے آنے کا امکان ہے۔