ایرانی ریال کی خریداری کرنیوالوں کیلئے اہم خبر
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) ایرانی ریال کی قدر میں بڑی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد پاکستان میں ایک کروڑ ایرانی ریال کی قیمت تقریباً 5 ہزار روپے تک آگئی ہے، اس تبدیلی نے سرحد پار تجارت اور کرنسی خریدنے والے افراد کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی ہے۔
ایران کے مرکزی بینک نے غیر ملکی کرنسیوں کے نئے سرکاری نرخ جاری کر دیے ہیں جن کے مطابق ایک امریکی ڈالر کی سرکاری قیمت 14 لاکھ 36 ہزار 205 ریال جبکہ ایک یورو کی قیمت 16 لاکھ 33 ہزار 131 ریال مقرر کی گئی ہے جس سے ریال کی قدر میں مزید کمی ظاہر ہوتی ہے۔
پاکستان کی اوپن مارکیٹ میں اس وقت ایک کروڑ ایرانی ریال 4500 سے 5000 روپے میں فروخت ہورہے ہیں جبکہ کرنسی ڈیلرز کے مطابق سرکاری اور اوپن مارکیٹ نرخوں میں نمایاں فرق موجود ہے۔
کرنسی ماہرین نے ایران سے تجارت کرنے والے تاجروں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریال کی قیمت میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان موجود ہے، اس کے باعث لین دین کے دوران محتاط حکمت عملی اختیار کرنا ضروری ہوگا۔
ادھر مجاز منی چینجرز کے استعمال ہونے والے ثناء سسٹم میں امریکی ڈالر 15 لاکھ 17 ہزار 879 ریال جبکہ یورو 17 لاکھ 25 ہزار 994 ریال پر ٹریڈ ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں مسلسل دوسرے روز بڑی کمی
مرکزی بینک کے مطابق 100 پاکستانی روپے کی سرکاری قیمت 5 لاکھ 17 ہزار 104 ایرانی ریال مقرر کی گئی ہے یعنی ایک پاکستانی روپیہ سرکاری شرح کے مطابق تقریباً 5.171 ایرانی ریال کے برابر ہے۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 18 لاکھ 60 ہزار سے 18 لاکھ 90 ہزار ایرانی ریال کے درمیان چل رہی ہے جو سرکاری نرخ سے خاصی زیادہ ہے۔