عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں معمولی اضافہ
بین الاقوامی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد اضافے کے بعد 4,128.92 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، اگرچہ روزانہ کی بنیاد پر قیمت میں بہتری دیکھی گئی، تاہم پورے ہفتے کے دوران سونے کی قیمت میں ایک فیصد سے زائد کمی متوقع ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سرمایہ کار اب بھی محتاط حکمت عملی اختیار کیے ہوئے ہیں۔
دیگر قیمتی دھاتوں میں بھی مثبت رجحان دیکھا گیا، چاندی کی قیمت 0.8 فیصد اضافے کے ساتھ 60.46 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جبکہ پلاٹینم 1.6 فیصد اضافے کے بعد 1,636.68 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ ہوا۔
اسی طرح پیلیڈیم کی قیمت بھی 1.6 فیصد اضافے کے ساتھ 1,267 ڈالر فی اونس تک جا پہنچی، تاہم یہ تینوں دھاتیں بھی ہفتہ وار بنیاد پر خسارے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔
معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر ایک ہفتے کی کم ترین سطح پر آنے کے باعث دیگر کرنسیوں کے حامل سرمایہ کاروں کیلئے سونا نسبتاً سستا ہو گیا، جس سے اس کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل سستا، قیمتوں میں 2 فیصد کمی
دوسری جانب عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ہفتہ وار بنیاد پر اضافے کی طرف گامزن ہیں، امریکا اور ایران کے درمیان جاری فوجی کشیدگی، حملوں کے تبادلے اور خلیجی خطے میں بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال توانائی کی عالمی منڈی پر اثرانداز ہو رہی ہے، جس کے باعث تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ برقرار رہنے کا امکان ہے۔