سولر پینلز، بیٹریاں اور انورٹرز کی قیمتوں میں نمایاں کمی
مارکیٹ ذرائع کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں کے دوران سولر پینلز، لیتھیم بیٹریاں اور انورٹرز کی قیمتوں میں ہزاروں روپے کی کمی آئی، جس کے باعث سولر توانائی کی جانب رجحان رکھنے والے صارفین کو بڑا ریلیف ملنے کی توقع ہے۔
مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیتھیم بیٹریوں کی قیمتوں میں تقریباً 20 ہزار روپے تک کمی دیکھی گئی، جبکہ مختلف صلاحیت کے انورٹرز 10 ہزار روپے تک سستے ہو گئے ہیں۔ اسی طرح سولر پلیٹس کی قیمت میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے اور فی پلیٹ تقریباً 3 ہزار روپے تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وفاقی بجٹ میں سولر سسٹمز پر کسی بھی قسم کا اضافی ٹیکس عائد نہ کیے جانے سے مارکیٹ میں مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ بیرون ملک سے درآمدات میں اضافے اور مارکیٹ میں وافر اسٹاک کی دستیابی نے بھی قیمتوں کو نیچے لانے میں اہم کردار ادا کیا۔
دوسری جانب حالیہ عرصے میں خریداروں کی جانب سے خریداری میں نسبتاً کمی کے باعث بھی قیمتوں میں مزید نرمی دیکھنے میں آئی ہے۔
مارکیٹ میں اس وقت 585، 645 اور 720 واٹ کی سولر پلیٹس تقریباً 45 روپے فی واٹ کے حساب سے فروخت کی جا رہی ہیں، جبکہ چند روز قبل یہی پلیٹس 50 روپے فی واٹ کے حساب سے دستیاب تھیں۔ اسی طرح 5 کلو واٹ کی لیتھیم بیٹری کی قیمت تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار روپے تک آ گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتوں کا اعلان
دوسری جانب 3 سے 5 کلو واٹ صلاحیت کے انورٹرز کی قیمتیں برانڈ اور خصوصیات کے لحاظ سے ایک لاکھ 20 ہزار روپے سے 3 لاکھ روپے کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر درآمدات اور سپلائی کی موجودہ صورتحال برقرار رہی تو آئندہ ہفتوں میں سولر مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا امکان بھی موجود ہے، جس سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو سستی اور ماحول دوست توانائی کے حصول میں مزید سہولت ملے گی۔