عالمی منڈی میں تیل سستا ہوگیا
اس نمایاں کمی کے باوجود پاکستان میں پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس پر عوامی حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق امریکی خام تیل (ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ) کی قیمت کم ہو کر 68 ڈالر 65 سینٹ فی بیرل رہ گئی، جبکہ برینٹ کروڈ آئل 71 ڈالر 52 سینٹ فی بیرل پر آ گیا۔ اسی طرح ابوظبی بینچ مارک مربان کروڈ کی قیمت بھی کم ہو کر 67 ڈالر 50 سینٹ فی بیرل ریکارڈ کی گئی ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایک بار پھر اس سطح پر پہنچ چکی ہیں جو ایران پر حملوں سے قبل دیکھی گئی تھیں۔
اس کے باوجود حکومت نے آئندہ پندرہ روز کیلئے پیٹرول کی قیمت 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اگر دبئی خام تیل کی موجودہ قیمت، درآمدی اخراجات، ٹیکسز اور ڈیوٹیز کو مدنظر رکھا جائے تو پاکستان میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت تقریباً 268 روپے 55 پیسے فی لیٹر بنتی ہے، جو موجودہ نرخ سے 42 روپے کم ہے، حتیٰ کہ درآمدی تیار ڈیزل کے اضافی اخراجات شامل کرنے کے بعد بھی کم از کم 16 روپے فی لیٹر کمی کی گنجائش موجود تھی۔
اسی طرح پیٹرول کی قیمت بھی تمام ٹیکسز سمیت تقریباً 256 روپے 52 پیسے فی لیٹر بنتی ہے، جبکہ درآمدی تیار پیٹرول کے اضافی اخراجات شامل کیے جائیں تو بھی عوام کو تقریباً 18 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جا سکتا تھا۔ تاہم حکومت کی جانب سے قیمتوں میں کوئی کمی نہ کرنے کے فیصلے نے صارفین کو مایوس کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سونے اور چاندی کی قیمتیں گر گئیں
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری رہا تو آنے والے دنوں میں حکومت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے کا دباؤ مزید بڑھ سکتا ہے، کیونکہ عالمی نرخوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صارفین تک پہنچانا عوامی توقعات میں شامل ہے۔