سولر پلیٹس کی قیمتوں میں حیران کن کمی
مارکیٹ ذرائع کے مطابق سولر پلیٹوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی جلد کمی آنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مختلف صلاحیتوں کی سولر پلیٹوں کی قیمتوں میں 4 ہزار سے 9 ہزار روپے تک کمی دیکھی گئی ہے۔
تاجروں کا کہنا ہے کہ حالیہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات اب سولر مارکیٹ پر بھی مرتب ہونا شروع ہو گئے ہیں، جس کے باعث درآمدی اور ترسیلی اخراجات میں کمی آ رہی ہے، اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا موجودہ رجحان برقرار رہا تو آنے والے ہفتوں میں سولر پلیٹوں کی قیمتوں میں مزید کمی ہو سکتی ہے، جس سے گھریلو اور تجارتی صارفین کو بڑا ریلیف ملے گا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں کے باعث شہری پہلے ہی سولر توانائی کی جانب تیزی سے راغب ہو رہے ہیں، قیمتوں میں کمی سے اس رجحان میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
دوسری جانب بیٹریوں کی قیمتوں میں بھی کمی کی امید پیدا ہو گئی ہے، پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے کے باعث بیٹریوں کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا تھا اور بعض اقسام کی ایک بیٹری کی قیمت 27 ہزار سے 38 ہزار روپے تک بڑھ گئی تھی۔ تاہم اب ایندھن کی قیمتوں میں کمی کے بعد بیٹریوں کی لاگت کم ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پٹرولیم مصنوعات سستی، گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں بڑی کمی
مارکیٹ مبصرین کے مطابق سولر سسٹمز اور بیٹریوں کی قیمتوں میں ممکنہ کمی توانائی کے متبادل ذرائع کو مزید فروغ دے سکتی ہے اور صارفین کے مالی بوجھ میں بھی نمایاں کمی لا سکتی ہے۔