سونے کی قیمتوں میں ہزاروں روپے کی بڑی کمی
تازہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 24 قیراط فی تولہ سونے کی قیمت میں 14 ہزار 900 روپے کی بڑی کمی ہوئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 52 ہزار 936 روپے سے کم ہو کر 4 لاکھ 38 ہزار 36 روپے پر آ گیا ہے۔ قیمتوں میں اس نمایاں کمی کو حالیہ دنوں کی سب سے بڑی گراوٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں بھی 14 ہزار 510 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 3 لاکھ 74 ہزار 205 روپے مقرر ہوئی ہے۔
سونے کے ساتھ ساتھ چاندی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی، فی تولہ چاندی 413 روپے سستی ہونے کے بعد 6 ہزار 946 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں بڑا اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا، عالمی منڈی میں فی اونس سونا 149 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 156 ڈالر پر آ گیا، جس کے اثرات مقامی مارکیٹ پر بھی واضح طور پر مرتب ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں:اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی، ڈالر بھی مستحکم
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی حالات، سرمایہ کاروں کے رجحانات اور بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں میں تبدیلیاں سونے کی قیمتوں پر اثرانداز ہو رہی ہیں، اگر عالمی سطح پر یہی رجحان برقرار رہا تو آنے والے دنوں میں قیمتوں میں مزید ردوبدل دیکھنے کو مل سکتا ہے۔