حکومت کا پیٹرول کی قیمت 280 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کا اعلان

Iranian Petrol Price Pakistan
فائل فوٹو
Updated | Published June, 3 2026 |
کوئٹہ:(ویب ڈیسک) بلوچستان حکومت نے صوبے میں ایرانی پیٹرول کی سرکاری قیمت 280 روپے فی لیٹر مقرر کر دی۔

انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ اس سے زائد نرخ وصول کرنا غیر قانونی تصور ہوگا اور خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کیلئے قیمت کا باقاعدہ تعین کیا گیا ہے۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں مقررہ نرخ سے زیادہ قیمت پر ایرانی پیٹرول فروخت ہوتا نظر آئے تو اس کی ویڈیو یا دیگر شواہد جمع کرکے متعلقہ ڈپٹی کمشنر آفس میں شکایت درج کروائیں تاکہ ذمہ دار عناصر کیخلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔

دوسری جانب جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ نے پیٹرول مافیا کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے 280 روپے فی لیٹر مقرر کردہ ایرانی پیٹرول کو کوئٹہ سمیت مختلف اضلاع میں 450 سے 500 روپے فی لیٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے، جو کھلی لوٹ مار اور عوامی استحصال کے مترادف ہے۔

دوسری جانب عالمی سطح پر بھی تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ میں حالیہ حملوں کے بعد برینٹ کروڈ کی قیمت 97.05 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ امریکی خام تیل 95 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خام تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

معاشی ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات مقامی ایندھن کی منڈیوں پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں، جس کے باعث عوامی تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔