پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر ہی شدید مندی دیکھنے میں آئی اور 1000 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد ہنڈرڈ انڈیکس گر کر ایک لاکھ 69 ہزار 932 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
مارکیٹ میں ابتدائی گھنٹوں کے دوران ہی فروخت کے دباؤ میں اضافہ دیکھا گیا، جس نے مجموعی سرمایہ کاری کے رجحان کو متاثر کیا۔
ذہن نشین رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس 421 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 71 ہزار 21 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا، تاہم اگلے ہی روز منفی رجحان نے مارکیٹ کا رخ تبدیل کر دیا۔
دوسری جانب عالمی اور ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا، جاپان کے نکی انڈیکس میں 3 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ تائیوان ایس ای انڈیکس 2 فیصد اور تھائی لینڈ کا سیٹ انڈیکس ایک فیصد سے زائد اضافہ کے ساتھ بند ہوا۔ انڈونیشیا کے جکارتہ کمپوزٹ انڈیکس میں بھی ایک فیصد کی تیزی دیکھی گئی۔
چین اور ملائیشیا کی مارکیٹس میں معمولی بہتری سامنے آئی، تاہم ہانگ کانگ کے ہینگ سینگ انڈیکس میں 2 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:خام تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں
معاشی ماہرین کے کا کہنا ہے کہ عالمی معاشی غیر یقینی صورتحال اور سرمایہ کاروں کے محتاط رویے کے باعث مقامی مارکیٹ پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے، جس کے اثرات آئندہ دنوں میں مزید واضح ہو سکتے ہیں۔