پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی

Pakistan Stock Exchange
فائل فوٹو
Updated | Published May, 21 2026 |
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ دیکھنے میں آیا، جس کے باعث مارکیٹ میں مثبت رجحان برقرار رہا اور 100 انڈیکس میں نمایاں تیزی ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی دیکھی گئی، جسے معاشی حلقوں کی جانب سے مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کاروبار کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 1.79 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ مارکیٹ میں تقریباً 2950 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے بعد انڈیکس بڑھ کر 1 لاکھ 67 ہزار 782 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا، جو سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کی وجہ سرمایہ کاروں کی مثبت توقعات، معاشی اشاریوں میں بہتری اور بعض شعبوں میں خریداری کے رجحان میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ مارکیٹ میں تیزی سے سرمایہ کاروں کو فائدہ پہنچنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، ایک پیسے کی کمی کے بعد امریکی ڈالر 278 روپے 55 پیسے کی سطح پر ٹریڈ کرتا رہا، جبکہ گزشتہ کاروباری روز ڈالر 278 روپے 56 پیسے پر بند ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا ہوگیا

اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان اور کرنسی مارکیٹ میں استحکام معاشی سرگرمیوں کیلئے حوصلہ افزا اشارہ ہو سکتا ہے، تاہم عالمی معاشی حالات اور مقامی پالیسی فیصلے آنے والے دنوں میں مارکیٹ کی سمت پر اثر انداز ہو سکتے ہیں۔