موبائل فونز پر ٹیکس میں اضافہ، 62 مختلف ماڈلز مہنگے
موبائل فونز
حکومت نے استعمال شدہ درآمدی موبائل فونز کی کسٹمز ویلیو ایشن کے حساب سے ٹیکس میں اضافہ کیا/فائل فوٹو
اسلام آباد (ویب ڈیسک): حکومت نے استعمال شدہ درآمدی موبائل فونز کی کسٹمز ویلیو ایشن کے حساب سے ٹیکس میں اضافہ کردیا جس کے باعث مختلف کمپنیوں کے 62 موبائل ماڈلز مہنگے ہوگئے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ڈائریکٹریٹ جنرل آف کسٹمز ویلیو ایشن کراچی نے درآمدی موبائل فونز کیلئے نئی کسٹمز ویلیو ایشن رولنگ جاری کر دی جس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ درآمدی موبائل فونز پر نئی مقرر کردہ کسٹمز ویلیو ایشن کے حساب سے ٹیکس وصول کئے جائیں گے، نیا قانون تمام استعمال شدہ موبائلز پر لاگو ہوگا، موبائل فون کی حالت سے فرق نہیں پڑے گا۔

دستاویز کے مطابق نئے فیصلے کا اطلاق عالمی سطح کے 5 بڑے برانڈز ایپل، سام سنگ، گوگل پکسل، شارپ اور ون پلس پر کیا گیا ہے۔ کسٹمز کی نئی رولنگ کے بعد اب تمام کسٹم ڈیوٹی اور دیگر متعلقہ ٹیکسز کی وصولی موبائل فونز کی نئی طے شدہ قیمتوں (کسٹم ویلیوز) کے مطابق کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی منڈی میں تیل مزید مہنگا ہوگیا

دستیاب دستاویزات کے مطابق ایپل کے فلیگ شپ ماڈلز میں آئی فون 15 پرو میکس کی نئی کسٹم ویلیو 505 ڈالر، آئی فون 15 پرو 472 ڈالر ، آئی فون 14 پرو میکس کی قیمت 413 ڈالر ،آئی فون 13 پرو میکس کیلئے 374 ڈالر اور آئی فون 11 کیلئے 133 ڈالر کسٹم ویلیو متعین کی گئی ہے۔

اسی طرح سام سنگ کے مختلف ماڈلز گلیکسی ایس 23 الٹرا کی ویلیو 305 ڈالر، ایس 22 الٹرا کی 260 ڈالر ، ایس 21 پلس کی 150 ڈالر، پرانے ماڈلز ایس 10 کی کسٹم ویلیو 54 ڈالر رکھی گئی ہے۔ علاوہ ازیں گوگل پکسل 7 پرو کی قیمت 145 ڈالر اور پکسل 7 کی 105 ڈالر ،ون پلس 12 کی قیمت 211 ڈالر اور ون پلس 11 کی کسٹم ویلیو 121 ڈالر متعین کی گئی ہے۔

نئی رولنگ میں واضح کیا گیا کہ ان قیمتوں کا اطلاق صرف ان استعمال شدہ فونز پر ہوگا جو پاکستان برآمد کئے جانے سے کم از کم 6 ماہ قبل ایکٹیویٹ ہو چکے ہوں۔ یہ فیصلہ خاص ان موبائل فونز کیلئے کیا گیا ہے جو بغیر پیکنگ اور اسیسریز کے تجارتی بنیادوں پر درآمد کئے جاتے ہیں۔