پلاٹ مالکان کیلئے نئی پالیسی منظور
LDA new policy Pakistan
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پلاٹ مالکان کیلئے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ایکسیس ایریا کی پینلٹی سے متعلق کیسز میں ریلیف فراہم کرنے کیلئے نئی پالیسی منظور کر لی۔

تفصیلات کے مطابق نئی پالیسی کے تحت اب ایکسیس ایریا کی بنیاد پر عائد کی جانے والی پینلٹی موجودہ ڈی سی ریٹس کے بجائے پلاٹ الاٹمنٹ کے سال کے ریٹ کے مطابق وصول کی جائے گی۔

اس سے قبل این او سی یا ٹرانسفر کیلئے آنے والے کیسز میں پلاٹ مالکان پر موجودہ ریٹس کے مطابق بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے تھے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔

ایل ڈی اے کے ڈائریکٹر جنرل اور ایڈیشنل ڈی جی ہاؤسنگ کی خصوصی کاوشوں کے بعد اس معاملے پر تفصیلی ورکنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں یہ نئی پالیسی ترتیب دی گئی، گورننگ باڈی کی منظوری کے بعد اس پالیسی کے باقاعدہ منٹس بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے شہریوں کی جانب سے طویل عرصے سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ بغیر کسی قصور کے انہیں اضافی چارجز اور پینلٹی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جس سے ان کیلئے جائیداد کی منتقلی یا این او سی کا حصول مشکل ہو جاتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:سونے کی قیمتیں ایک بار پھر گر گئیں

خیال رہے کہ اس فیصلے سے نہ صرف شہریوں کو مالی ریلیف ملے گا بلکہ پراپرٹی کے شعبے میں شفافیت اور اعتماد میں بھی اضافہ ہوگا، جس سے رئیل اسٹیٹ سیکٹر میں مثبت سرگرمیاں بڑھنے کا امکان ہے۔