خوفناک ٹریفک حادثے میں 8 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی
حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافروں سے بھری گاڑی بے قابو ہوکر سڑک سے اتر گئی اور 15 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔
خبر رساں ادارے کے مطابق مقامی پولیس نے بتایا کہ حادثہ راجستھان کے علاقے کوٹا میں دہلی ممبئی ایکسپریس وے پر پیش آیا، گاڑی میں تقریباً 21 افراد سوار تھے، جو سفر کے دوران حادثے کا شکار ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق گاڑی میں سوار تمام افراد کا تعلق بھارت کی وسطی ریاست مدھیہ پردیش سے تھا۔ یہ افراد ریاست راجستھان کے ضلع سیکر میں واقع ایک مندر میں پوجا کرنے کیلئے جا رہے تھے کہ راستے میں انہیں حادثے کا سامنا کرنا پڑا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق بظاہر ڈرائیور کو دوران سفر نیند آگئی تھی، جس کے باعث گاڑی پر اس کا کنٹرول ختم ہوگیا، گاڑی سڑک سے اتر کر کنارے پر واقع گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں متعدد افراد شدید زخمی ہوئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، ہلاک ہونے والے افراد کی لاشیں گاڑی سے نکال لی گئی ہیں، جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سعودی شہزادی الجوہرہ بنت فہد بن مشاری آل سعود انتقال کر گئیں
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں بعض افراد کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔