امریکا کا ایران میں شادی کی تقریب پر حملہ، 5 افراد شہید متعدد زخمی
ایرانی ٹی وی کے مطابق بندر عباس، قشم جزیرے اور آبنائے ہرمز کے قریب متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں، ایرانی علاقے سیرک کے قریب شادی کی تقریب پر مبینہ امریکی حملے میں 5 افراد شہید جبکہ 35 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ قشم جزیرے کے ماسان گاؤں کے قریب 5 سے زائد دھماکے ہوئے، جبکہ آبنائے ہرمز کے قریب بھی مزید 4 دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔ جنوبی بندرگاہی شہر بندر عباس کے مشرقی علاقے میں بھی دھماکوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی فورسز نے جنوب مشرقی ایران میں جیرفت ایئرپورٹ کو بھی نشانہ بنایا۔ سیرک کے قریب شادی کی تقریب پر ہونے والے حملے کے حوالے سے مقامی ڈپٹی گورنر نے ابتدائی طور پر 2 افراد کے شہید اور متعدد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی، جبکہ بعد ازاں ہلاکتوں کی تعداد 5 بتائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:نیپال میں تباہ کن سیلاب، ہلاکتیں 903 تک پہنچ گئیں
دوسری جانب امریکی فوج کا کہنا ہے کہ ایران میں پاسدارانِ انقلاب کے ٹھکانوں کو حملوں کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ تازہ حملوں کے بعد خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔