امریکی فوجی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ
میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف اے 18 ہارنیٹ طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ دورانِ پرواز تکنیکی خرابی یا دیگر ممکنہ وجوہات کے باعث پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے فوراً بعد امدادی اور ریسکیو ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور پائلٹ کو بحفاظت منتقل کر دیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی فوجی حکام نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی طور پر حادثے کی اصل وجہ کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔
دفاعی ماہرین کے مطابق ایف اے 18 ہارنیٹ امریکی میرین کور اور بحریہ کا ایک اہم جنگی طیارہ سمجھا جاتا ہے، جو مختلف عسکری مشنز اور تربیتی سرگرمیوں میں استعمال کیا جاتا ہے۔ ایسے حادثات کے بعد عموماً طیارے کے تکنیکی نظام، موسمی حالات اور آپریشنل پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جاتا ہے۔
خوش قسمتی سے طیارے کے پائلٹ نے بروقت ایجیکٹ کرکے اپنی جان بچا لی، جس کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
یہ بھی پڑھیں:ایران نے ٹرمپ کا آج ڈیل پر دستخط ہونے کا دعویٰ مسترد کر دیا
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب گزشتہ روز بھارتی فضائیہ کا اے این 32 طیارہ ریاست آسام کے شہر جورہاٹ میں لینڈنگ کے دوران حادثے کا شکار ہو گیا تھا، اس حادثے میں پانچ اہلکار ہلاک جبکہ کو پائلٹ زندہ بچ گیا تھا۔