ایران کا آبنائے ہرمز سے گزرنیوالے ہر جہاز سے ٹیکس وصول کرنیکا اعلان
ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ہر جہاز سے ٹول ٹیکس وصول کرنے کا اعلان کر دیا۔
فائل فوٹو
تہران: (ویب ڈیسک) ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ہر جہاز سے ٹول ٹیکس وصول کرنے کا اعلان کر دیا۔

ایرانی پارلیمانی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے روسی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ہر جہاز کو نئے نظام کے تحت ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔

ابراہیم عزیزی کا مزید کہنا تھا کہ حکومت قومی مفادات کے تحت اس اہم سمندری گزرگاہ پر مکمل کنٹرول اور مؤثر مینجمنٹ قائم کرے گی جب کہ انہوں نے امریکا پر عدم اعتماد کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب ایران کے نائب وزیر تیل محمد صادق نے بتایا کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں متاثر ہونے والی آئل ریفائننگ صلاحیت کی بحالی پر کام جاری ہے ، توقع ہے کہ آئندہ دو ماہ کے اندر 70 سے 80 فیصد پیداواری صلاحیت بحال ہو جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ لاوان ریفائنری کا کچھ حصہ آئندہ 10 دنوں میں دوبارہ کام شروع کر سکتا ہے، جس سے تیل کی پیداوار میں بتدریج بہتری آنے کا امکان ہے جب کہ دیگر یونٹس مرحلہ وار بحالی کے عمل سے گزرتے ہوئے دوبارہ آپریشن شروع کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کو ایران کے خلاف جنگ میں 11 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان

ماہرین کے مطابق آبنائے ہرمز عالمی تیل کی ترسیل کا ایک اہم ترین راستہ ہے اور یہاں کسی بھی نئی پالیسی یا پابندی کے عالمی معیشت اور توانائی کی منڈیوں پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

یاد رہے کہ 28 فروری 2026 کو اسرائیلی اور امریکی فورسز نے ایران پر حملوں کا آغاز کیا تھا ، جس کے جواب میں ایران نے بھی جوابی میزائل اور ڈرون حملے کیے، اور یوں یہ تنازع باقاعدہ جنگ میں تبدیل ہوگیا تھا اور بعد ازاں 8 اپریل کو پاکستان کی ثالِثی میں دو ہفتوں کی جنگ بندی طے پائی تھی۔