سکیورٹی خدشات کے باعث میٹرک امتحانات ملتوی
Matric exams postponed
فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) سکیورٹی اور علاقائی کشیدگی کے پیش نظر میٹرک کے امتحانات سے متعلق اہم فیصلہ سامنے آ گیا، جس کے تحت بیرونِ ملک کئی امتحانی مراکز پر پرچے ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ایران، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں قائم امتحانی مراکز پر میٹرک کے امتحانات فی الحال مؤخر کر دیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ موجودہ سکیورٹی صورتحال اور علاقائی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

بورڈ کے مطابق ان ممالک کیلئے رول نمبر سلپس کا اجرا بھی عارضی طور پر روک دیا گیا ہے، تاہم دیگر تمام بیرونِ ملک امتحانی مراکز میں امتحانات پہلے سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق ہی منعقد ہوں گے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ متاثرہ طلبہ کو سہولت فراہم کرنے کیلئے انہیں پاکستان یا کسی قریبی ملک میں امتحان دینے کا آپشن دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔

اس کے علاوہ اگر کسی امتحانی مرکز پر لاجسٹک مسائل پیش آئے تو فوری متبادل انتظامات کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر نہ ہوں۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کبھی بھی ایٹمی ہتھیار نہ بنانے پر راضی ہے: ٹرمپ کا دعویٰ

فیڈرل بورڈ کی جانب سے واضح کیا گیا کہ اس صورتحال کا 15 دن بعد دوبارہ جائزہ لیا جائے گا، اگر حالات بہتر ہوئے تو نئی تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا، جبکہ حالات معمول پر آنے کی صورت میں باقی تمام امتحانات پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی لیے جائیں گے۔