غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بنگلادیشی حکام کا کہنا ہے کہ ملک میں عید کی تعطیلات قبل از وقت شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور آج سے ملک بھر میں تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیاں عید تک بند رہیں گی۔
بنگلہ دیشی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث پیدا ہونے والے توانائی بحران کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے تاکہ بجلی اور ایندھن کی بچت کی جاسکے۔
حکام نے کہا کہ اس اقدام سے نہ صرف بجلی کی کھپت میں کمی آئے گی بلکہ ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا جس سے ایندھن کے بچاؤ میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ایران پر حملوں کیخلاف چین کا سخت ردعمل
حکام کے مطابق یونیورسٹی کیمپسز، رہائشی ہاسٹلز، کلاس رومز، لیبارٹریز اور ائیر کنڈیشننگ کے باعث بڑی مقدار میں بجلی کی کھپت ہوتی ہے، اس لیے قبل از وقت تعطیلات ملک میں بجلی کے نظام پر بوجھ کم کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش میں رمضان میں سرکاری اور نجی اسکول پہلے ہی بند ہیں جس کے بعد اب یونیورسٹیوں میں بھی عید تک تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا ہے۔