مدینہ: گرین انیشی ایٹو کا آغاز، لاکھوں درخت لگانے کا منصوبہ
مدینہ منورہ میں ’’گرین سٹی انیشی ایٹو‘‘ کے تحت 21 لاکھ درخت لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔
فائل فوٹو
مدینہ منورہ: (ویب ڈیسک) مدینہ منورہ میں ’’گرین سٹی انیشی ایٹو‘‘ کے تحت 21 لاکھ درخت لگانے کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس منصوبے کا مقصد شہر کو زیادہ سرسبز بنانا ، فضائی آلودگی میں کمی لانا اور شہری ماحول کو بہتر بنانا ہے۔

بلدیہ کے ترجمان نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت 21 لاکھ درخت لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے جس سے مدینہ منورہ میں سبز رقبے میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا، اس اقدام سے کاربن کے اخراج میں کمی، درجہ حرارت میں اعتدال اور شہر کی خوبصورتی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ سعودی گرین انیشی ایٹو اور ویژن 2030 کے ماحولیاتی اہداف کے تحت تشکیل دیا گیا ہے، اس میں جدید ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم اور اسمارٹ ٹیگنگ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی جس سے درختوں کی افزائش، دیکھ بھال اور صحت کا مؤثر انداز میں جائزہ لیا جا سکے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ملائشیا جانے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خوشخبری

بلدییہ کے مطابق درختوں کی شجرکاری سڑکوں، پارکوں، رہائشی علاقوں اور عوامی مقامات پر کی جائے گی، ساتھ ہی شہریوں کو رضاکارانہ ماحول دوست سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دی جائے گی تاکہ مدینہ کو ایک سرسبز، صاف اور پائیدار شہر بنانے میں عوامی شمولیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ یہ اقدام مدینہ منورہ کو ایک ایسا ماڈل شہر بنانے کی سمت عملی قدم ہے جو اسلامی ورثے کے ساتھ جدید ماحولیاتی معیار کی بھی عکاسی کرتا ہے۔