تارکینِ وطن کی کشتی ڈوب گئی، 40 افراد لقمہ اجل بن گئے
Tunisia migrant boat tragedy
فائل فوٹو
تونس: (ویب ڈیسک) بحیرۂ روم کے راستے یورپ جانے کی کوشش ایک اور سانحے میں بدل گئی، تیونس کے ساحل پر تارکینِ وطن کی کشتی ڈوبنے سے 40 افراد لقمہ اجل بن گئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ تیونس کے ساحلی شہر مہدیہ کے قریب پیش آیا، جہاں 70 افراد کو لے کر جانے والی کشتی اچانک تیز لہروں کی زد میں آکر پلٹ گئی۔

حکام کے مطابق 30 افراد کو زندہ بچالیا گیا جبکہ 40 لاشیں سمندر سے نکال لی گئیں۔

رپورٹس کے مطابق ہلاک اور لاپتا ہونے والے افراد کا تعلق افریقی ممالک سے تھا جو غیر قانونی طور پر یورپ پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ تیونس کو افریقہ سے یورپ جانے والے تارکینِ وطن کیلئے ایک اہم گزرگاہ سمجھا جاتا ہے، جہاں سے اکثر اس نوعیت کے حادثات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔

تیونس پولیس کے ایک اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ رواں سال خطے کے مہلک ترین سمندری حادثات میں سے ایک ہے۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے ایک بار پھر یورپ اور شمالی افریقہ کی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیر قانونی ہجرت کے بڑھتے ہوئے واقعات کو روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں تاکہ مزید قیمتی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔