اب ترکیہ کا ویزہ حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانیوں کو نئی فیسوں اور لازمی شرائط سے آگاہ رہنا ضروری ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں ترکیہ کے ویزہ کیلئے درخواستیں اناطولیہ ویزا ایپلیکیشن سینٹرز میں جمع کرائی جاتی ہیں جو کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور دیگر بڑے شہروں میں قائم ہیں۔ ترک سفارت خانہ براہ راست درخواستیں وصول نہیں کرتا، اس لیے ہر درخواست دہندہ کو انہی مراکز کے ذریعے ویزہ کیلئے اپلائی کرنا ہوتا ہے۔
ویزہ حاصل کرنے کیلئے تمام ضروری دستاویزات جمع کرانا لازمی ہے، جن میں بینک اسٹیٹمنٹ، ہیلتھ انشورنس، پاسپورٹ سائز تصاویر، فنگر پرنٹس، ریٹرن ٹکٹ اور ہوٹل ریزرویشن شامل ہیں۔ تمام ادائیگیاں اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی تازہ ترین شرحِ مبادلہ کے مطابق پاکستانی روپے میں نقد ادا کی جاتی ہیں۔
ترکیہ کے سنگل انٹری وزٹ ویزا کیلئے فیس 60 امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ملٹی پل انٹری وزٹ ویزا کے خواہشمند افراد کو 190 امریکی ڈالر ادا کرنا ہوں گے۔
علاوہ ازیں اناطولیہ ویزا سینٹر اپنی سروس فیس بھی وصول کرتا ہے جو درخواست کے زمرے کے لحاظ سے مختلف ہوتی ہے۔ عام درخواست کے مقابلے میں وی آئی پی درخواست کیلئے 65 سے 80 ڈالر تک کے اضافی چارجز وصول کیے جاتے ہیں۔
ترکیہ ویزہ کے بڑھتے ہوئے رجحان کے پیشِ نظر ماہرین کا کہنا ہے کہ سیاحتی موسم میں درخواستوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے، لہٰذا مسافروں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ وقت سے پہلے اپنی درخواست جمع کرائیں تاکہ کسی قسم کی تاخیر سے بچا جا سکے۔