پی ایس ایل 11: پشاور اورا سلام آباد کے درمیان میچ بارش کی نذر
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کا ساتواں میچ بارش کی نذر ہو گیا۔
فوٹو بشکریہ اسلام آباد یونائیٹڈ سوشل میڈیا
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن کا ساتواں میچ بارش کی نذر ہو گیا۔

لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا گیا، بارش کے باعث گراؤنڈ میں پانی بھر گیا جس کی وجہ سے میچ کا ٹاس بھی نہ ہو سکا۔

متعدد مرتبہ جائزہ لینے کے بعد میچ آفیشلز کی جانب سے میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا گیا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائی جائے تو پشارو زلمی مجموعی طور پر 3 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں دوسری پوزیشن پر ہے جبکہ جیت کی متلاشی اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو میچز کے بعد ایک پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد قلندرز کو شکست دیدی

خیال رہے کہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج جم کر بادل برسے، دن ڈھلتے ہی کالی گھٹاؤں نے لاہور کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے بعد دن میں ہی اندھیرا چھا گیا، لاہور کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کے نشتر ٹاؤن میں سب سے زیادہ 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ جوہر ٹاؤن میں 30.6 ملی میٹر بارش ہوئی، گلبرگ واسا ہیڈ آفس میں 14.8 ملی میٹر ، سمن آباد میں 9.2 ملی میٹر جبکہ لکشمی چوک میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، لاہور ریجن میں اوسط بارش 8.1 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔