محکمہ اسکول اور کالج ایجوکیشن نے ہفتہ اور اتوار کی چھٹی کے الگ الگ نوٹیفکیشن جاری کر دیے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سندھ بھر کے اسکولوں اور کالجوں میں اب ہفتے میں صرف 5 دن پیر سے جمعہ کلاسز ہوں گی جبکہ ہفتہ اور اتوار کے روز چھٹی ہوا کرے گی، ہفتہ وار 2 تعطیلات کے فیصلے کا اطلاق فوری طور پر اگلے حکم نامے تک رہے گا۔
اس حوالے سے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ بھر کے اسکول، کالجز اور جامعات میں تدریسی عمل کل یکم اپریل سے بحال ہوجائے گا، سندھ میں آن لائن کلاسز کے بجائے فزیکل کلاسز ہوں گی، ہفتے کے دو دن تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
صوبائی وزیر تعلم سید سردار علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ میں نیا تعلیمی سال یکم اپریل سے شروع ہو گا جبکہ ہفتے میں دو دن تعطیل ہو گی،صوبے میں اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے پر عمل درآمد کرتے ہوئے تعلیمی سال یکم اپریل سے شروع کیا جا رہا ہے، محکمہ تعلیم سندھ نے کفایت شعاری اقدامات کے تحت اسکولوں میں ہفتے میں دو دن تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سکولوں کی چھٹیوں توسیع کا معاملہ، وزیر تعلیم کا اہم بیان آگیا
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی نجی تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، آئی سی ٹی کے پرائیویٹ تعلیمی ادارے یکم اپریل سے کھل جائیں گے،پی ای آئی آر اے نے اسپرنگ چھٹیوں کے بعد تعلیمی سرگرمیاں بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن میں تمام نجی تعلیمی اداروں کو یکم اپریل سے معمول کے مطابق کھولنے کی ہدایت کی گئی ہے، اسلام آباد کے نجی اسکولز اور کالجز میں فزیکل کلاسز دوبارہ شروع ہوں گی، پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں بدھ یکم اپریل سے بحال ہوں گی۔