پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے ٹکٹس کل سے فروخت کیلئے دستیاب
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے ٹکٹس منگل سے آن لائن فروخت کیلئے دستیاب ہوں گے۔
پاکستانی بیٹر سری لنکا کے خلاف میچ کے دوران وکٹ گنوا بیٹھے (فائل فوٹو)
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے ٹکٹس منگل سے آن لائن فروخت کیلئے دستیاب ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پاک سری لنکا ون ڈے سیریز کے ٹکٹس آن لائن دوپہر 12 بجے سے pcb.tcs.com.pk پر دستیاب ہوں گے، ایک شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ پانچ ٹکٹس خریدے جا سکتے ہیں۔

پی سی بی کی جانب سے بتایا گیا کہ جنرل انکلوژرز کے ٹکٹس پہلے دو میچز کیلئے 200 روپے اور تیسرے میچ کیلئے 300 روپے میں دستیاب ہوں گے، فرسٹ کلاس انکلوژرز کے ٹکٹس 300 اور 400 روپے میں ملیں گے۔

اسی طرح پریمیئم انکلوژرز کے ٹکٹس 400 اور 500 روپے میں دستیاب ہوں گے، وی آئی پی انکلوژرز کے ٹکٹس 500 اور 600 روپے میں خریدے جا سکیں گے جبکہ پی سی بی گیلری کے ٹکٹس 700 اور 850 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: سٹار بلے باز بابر اعظم کا جذباتی پیغام سوشل میڈیا پر وائرل

حکام کی جانب سے مزید بتایا گیا کہ پلاٹینم باکس سیٹس 8 ہزار اور 12 ہزار روپے میں دستیاب ہوں گی، فار اینڈ باکس سیٹس 6 ہزار اور 8 ہزار روپے میں فروخت ہوں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تینوں ون ڈے میچز 11، 13 اور 15 نومبر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

ذہن نشین رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کے بعد سہ فریقی ٹی 20 سیریز بھی کھیلی جائے گی جو 17 سے 29 نومبر کے درمیان راولپنڈی اور لاہور میں شیڈولڈ ہے، ٹرائی سیریز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کی تیسری ٹیم زمبابوے ہے۔