رکن پنجاب اسمبلی چوہدری محمد حنیف جٹ انتقال کرگئے
چوہدری محمد حنیف جٹ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 سے مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد سیاسی، سماجی اور علاقائی حلقوں میں گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق چوہدری محمد حنیف جٹ کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر طبی امداد فراہم کی گئی تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ان کے انتقال کی خبر اہل خانہ، عزیز و اقارب، سیاسی ساتھیوں اور حلقہ پی پی 203 کے عوام کیلئے صدمے کا باعث بنی۔
خیال رہے کہ چوہدری محمد حنیف جٹ نے چیچہ وطنی کی سیاست میں فعال کردار ادا کیا اور حلقے کی نمائندگی کرتے ہوئے عوامی مسائل کو پنجاب اسمبلی میں اجاگر کیا۔ ان کے انتقال پر مسلم لیگ ن کے کارکنان اور مقامی سیاسی شخصیات کی جانب سے بھی افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:گورنر سندھ کے سسر انتقال کر گئے، نماز جنازہ آج ادا ہوگی
مرحوم کی نماز جنازہ آج بعد از نماز عصر آزادی چوک اسٹیڈیم چیچہ وطنی میں ادا کی جائے گی، جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد کی شرکت متوقع ہے۔
اہل علاقہ نے چوہدری محمد حنیف جٹ کے انتقال پر اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔