افغان شہریوں کیلئے جعلی دستاویزات بنانے والے نادرا افسران گرفتار
حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں نیٹ ورک کے مبینہ طور پر دہشت گرد عناصر سے روابط کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں، جن کی مزید چھان بین جاری ہے۔
ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں انعام الحق (اسسٹنٹ ڈائریکٹر، نادرا)، فیاض احمد (ڈپٹی اسسٹنٹ ڈائریکٹر، نادرا)، جنید احمد (چوکیدار، نادرا) اور محمد عمر شاہ (پرائیویٹ ایجنٹ) شامل ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان مبینہ طور پر افغان شہریوں کیلئے جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا، سرکاری ریکارڈ میں ردوبدل اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں سہولت کاری کر رہے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دستیاب ابتدائی شواہد سے اس نیٹ ورک کے بعض دہشت گرد عناصر سے مبینہ روابط کی بھی نشاندہی ہوئی ہے، تاہم ان الزامات کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
کارروائی کے دوران ایف آئی اے نے اہم ریکارڈ، دستاویزات اور دیگر شواہد بھی اپنی تحویل میں لے لیے ہیں، ترجمان کے مطابق تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک سے وابستہ تمام افراد اور سہولت کاروں کو بے نقاب کیا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:سرکاری کالجوں میں انٹرمیڈیٹ داخلوں کی فہرست جاری
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران مزید اہم انکشافات اور ممکنہ گرفتاریاں بھی متوقع ہیں، ادارے نے واضح کیا کہ قومی سلامتی، دہشت گردی کی معاونت، جعلی شناختی دستاویزات کے اجرا اور منظم جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکنی میں ملوث ہر فرد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔