تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اسد عباس شیرازی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ٹرانسپورٹرز، گڈز ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن اور دیگر نمائندوں نے شرکت کی، اجلاس میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے اثرات کا جائزہ لیا گیا اور کرایوں میں کمی پر مشاورت کی گئی۔
مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ڈیزل پر چلنے والی مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں 15 فیصد جبکہ پیٹرول پر چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کی جائے گی، اسی طرح مال بردار گاڑیوں (گڈز ٹرانسپورٹ) کے کرایوں میں 26 فیصد تک کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق یہ فیصلہ عوام کو مہنگائی کے دباؤ سے ریلیف دینے اور ٹرانسپورٹ نظام کو متوازن رکھنے کیلئے کیا گیا ہے، کرایوں میں یہ کمی براہ راست پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے منسلک ہے، جو حالیہ دنوں میں ریکارڈ کی گئی۔
ٹرانسپورٹرز نے بھی حکومتی فیصلے سے اتفاق کیا اور کہا کہ موجودہ حالات میں قیمتوں میں کمی کے بعد کرایوں کو ایڈجسٹ کرنا ضروری تھا، شہریوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے روزمرہ سفری اخراجات میں واضح کمی آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں:گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری
حکام نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کرایوں پر عملدرآمد کی سخت نگرانی کی جائے گی تاکہ عوام کو مکمل ریلیف مل سکے۔