بھارتی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق مصر، ترکیے اور سعودی عرب سمیت کئی اہم ممالک نے امریکا اور ایران کے درمیان رابطوں میں پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ حالیہ وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد پاکستان کو ایک نمایاں سفارتی کامیابی حاصل ہوئی، جس نے خطے میں امن کے قیام کی کوششوں کو تقویت دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان نے دونوں ممالک کے درمیان رابطے بحال کرنے اور کشیدگی کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، جسے عالمی برادری نے مثبت پیش رفت قرار دیا ہے، پاکستان کی یہ حکمت عملی خطے میں اس کے بڑھتے ہوئے سفارتی اثر و رسوخ کی عکاسی کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران 48 گھنٹے میں ڈیل کرلے ورنہ قیامت ٹوٹ پڑے گی: ڈونلڈ ٹرمپ
مزید برآں ایران کی جانب سے پاکستانی جہازوں کو آبنائے ہرمز سے گزرنے کی اجازت دینا بھی اعتماد سازی کے ایک اہم اقدام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان بہتر تعلقات کی نشاندہی کرتا ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی یہ سفارتی کامیابی نہ صرف اس کی عالمی ساکھ کو مضبوط بنائے گی بلکہ خطے میں امن و استحکام کے قیام میں بھی مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔