کراچی: میٹرک امتحانات میں نئی شرط عائد
میٹرک امتحانات
میٹرک بورڈ کی جانب سے طلبہ پر ایک نئی شرط عائد کی گئی/ فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی میٹرک بورڈ کے تحت شہر قائد میں نویں اور دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز 7 اپریل سے ہوگا، جس کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اس سال امتحانات میں تقریباً 3 لاکھ 85 ہزار امیدوار شرکت کریں گے، جن کے لیے شہر بھر میں 580 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ میٹرک بورڈ کی جانب سے اس بار طلبہ پر ایک نئی شرط عائد کی گئی ہے جس کے تحت امتحان میں جوابات صرف بال پوائنٹ کے ذریعے لکھنا لازمی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: حکومت کا 2 روزہ تعطیلات کا اعلان

اعلامیے کے مطابق امتحانی پرچے پہلے 19 ٹاؤنز کے 26 حب سینٹرز کو فراہم کیے جائیں گے، جس کے بعد انہیں متعلقہ امتحانی مراکز تک منتقل کیا جائے گا۔ سیکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اس سال پرچوں پر واٹر مارک بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ لیک کی نشاندہی کی جا سکے۔

میٹرک امتحانات اس بار ای مارکنگ اور نئے گریڈنگ سسٹم کے تحت لیے جائیں گے۔ تمام ریگولر طلبہ کے ایڈمٹ کارڈز بورڈ کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیے گئے ہیں، جبکہ پرائیویٹ امیدواروں کے ایڈمٹ کارڈ ان کے گھریلو پتوں پر ارسال کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب میٹرک بورڈ کے سرور میں خرابی کے باعث متعدد امیدوار ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، جس پر پرائیویٹ اسکولز کی انتظامیہ نے امتحانات ایک ہفتہ موخر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔