پٹرول پر سبسڈی کیلئے کونسے افراد اہل ہیں؟ جانیے
حکومت خیبرپختونخوا
خیبرپختونخوا میں موٹر سائیکل اور سکوٹر مالکان کے لیے حکومت نے بڑی سہولت کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) حکومت خیبرپختونخوا نے مہنگائی کے پیش نظر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے احساس فیول سپورٹ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ یہ اقدام وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی ہدایت پر عمران خان کے وژن کے مطابق شروع کیا گیا ہے۔

خیبرپختونخوا میں موٹر سائیکل اور سکوٹر مالکان کے لیے حکومت نے ایک بڑی سہولت کا اعلان کر دیا۔ اس اسکیم کے تحت رجسٹرڈ موٹر سائیکل اور اسکوٹر مالکان کو ماہانہ 2000 روپے فیول سپورٹ فراہم کی جائے گی تاکہ کم آمدنی والے طبقے کو بڑھتی ہوئی پٹرول قیمتوں کے اثرات سے بچایا جا سکے۔

حکومتی اعلامیے کے مطابق اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ موٹر سائیکل یا اسکوٹر درخواست دہندہ کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو اور اس کی ٹرانسفر مکمل ہو۔ غیر رجسٹرڈ یا کسی دوسرے کے نام پر موجود گاڑیاں اس سہولت کے لیے اہل نہیں ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیں: مفت پٹرول کیلئے ابھی اپلائی کریں، مکمل طریقہ جانیے

رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو Dastak App کے ذریعے درخواست دینا ہوگی، جہاں انہیں اپنی ذاتی معلومات، گاڑی کی تفصیلات اور مطلوبہ دستاویزات جمع کروانا ہوں گے۔ ان دستاویزات میں قومی شناختی کارڈ، رجسٹریشن بک یا اسمارٹ کارڈ، گاڑی کی تصویر اور ٹرانسفر کی صورت میں فروخت کنندہ و خریدار کی تصدیق شامل ہے۔

درخواستوں کی تصدیق ای سہولت ( e-Sahulat) سسٹم کے ذریعے کی جائے گی جبکہ حتمی منظوری ای ٹی او (Excise & Taxation Office) کی جانچ پڑتال کے بعد دی جائے گی۔ درخواست دہندگان کو منظوری یا مسترد ہونے کی اطلاع بھی فراہم کی جائے گی۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ غلط معلومات فراہم کرنے یا نام کی منتقلی مکمل نہ ہونے کی صورت میں درخواست مسترد کر دی جائے گی۔ اس اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل 6 اپریل سے شروع ہوگا۔ مزید معلومات کے لیے شہری 091-9212260 اور 091-9211693 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

حکومت خیبرپختونخوا کا کہنا ہے کہ یہ اقدام مہنگائی کے دور میں عوام کو ریلیف دینے اور کم آمدنی والے طبقے کی مالی مشکلات کم کرنے کی ایک اہم کوشش ہے۔