ملک بھر میں آج سے 30 مارچ تک بارشوں کا الرٹ جاری
این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق 24 سے 31 مارچ تک بلوچستان کے جنوب مغربی علاقوں سے داخل ہونے والا مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بیشتر علاقوں میں اثر انداز ہو گا۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب کے شہروں بشمول مری،راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، میانوالی اور منڈی بہاؤالدین میں 25 تا 26 مارچ بارش متوقع ہے۔

اسی طرح خوشاب، سرگودھا، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، حافظ آباد، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ، نارووال، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی اس دوران بادل برسیں گے۔

الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں 28 سے 30 مارچ کے دوران بارشوں کے سلسلے میں شدت متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 25 تا 26 مارچ بارش اور آندھی کا امکان ہے، خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پورمیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خیبرپختونخوا کے اضلاع صوابی، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں بھی بادل برسیں گے جبکہ 28 سے 30 مارچ کے دوران بارشوں کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اور پہاڑی علاقوں میں برفباری اور چند مقامات پر ژالہ باری کی بھی پیشگوئی ہے۔

حکام کے مطابق گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں گلگت، استور، دیامر، غذر، اسکردو، ہنزہ، شگر، مظفرآباد، باغ، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور وادی نیلم میں 25 تا 26 اور 28 تا 30 مارچ کے بارشیں متوقع ہیں جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری اور آزاد کشمیر میں چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔

بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، قلات، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، بارکھان، سبی، ڈیرہ بگٹی، خضدار، آواران، خاران، چاغی، پنجگور، تربت، گوادر، لسبیلہ، لورالائی اور مستونگ میں 24 تا 25 مارچ اور 27 تا 29 مارچ بارش جبکہ چند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی ہے۔

اسی طرح سندھ کے شہروں کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، سکھر، دادو، کشمور، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں 25 تا 26 مارچ اور 28 تا 29 مارچ بارش اور آندھی کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک بھر میں شدید طوفانی موسم کا الرٹ جاری

این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں برفباری سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے لہذا مسافر احتیاط کریں، شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں، تیز ہوا اور طوفان کے دوران درختوں،کمزور تعمیرات اورتنصیبات سے دور رہیں۔

اس حوالے سے مزید کہا گیا ہے کہ سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں، عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ‘پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ”سے بروقت معلومات حاصل کریں۔

این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔ 

سحر و افطار اوقات 25 March 2026, Ramadan
فقہ جعفری فقہ حنفی شہر
افطار سحر افطار سحر
ضرور پڑھیں