یہ فراڈ اسکیم سوشل میڈیا اور واٹس ایپ پر تیزی سے پھیل رہی ہے جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ 12 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کو ایزی پیسہ اور جاز کیش جیسے موبائل والٹس کے ذریعے 5000 روپے دیے جائیں گے۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین نے تصدیق کی ہے کہ یہ نام نہاد مریم نواز عیدی اسکیم مکمل طور پر جعلی ہے۔ دھوکہ باز ایک ایسی ویب سائٹ استعمال کر رہے ہیں جو سرکاری پورٹل جیسی دکھائی دیتی ہے مگر اس کا حکومت پنجاب سے کوئی تعلق نہیں۔
جعلی ویب سائٹ صارفین سے رجسٹریشن کے لیے حساس معلومات طلب کرتی ہے جیسے کہ شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر اور ڈیجیٹل والٹ کی تفصیلات۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ایسی معلومات شیئر کرنے سے شناخت کی چوری، سم سویپ فراڈ اور مالی نقصان کا خطرہ ہو سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عیدالفطر:کشمیری چوڑیوں سے لے کر مہندی ڈیزائنز تک کیا ہے ٹرینڈ؟
حکام نے واضح کیا ہے کہ تمام سرکاری اسکیمیں صرف تصدیق شدہ ویب سائٹس جیسے punjab.gov.pk پر ہی دستیاب ہوتی ہیں اور حکومت کبھی بھی نجی ویب سائٹس کے ذریعے ذاتی معلومات حاصل نہیں کرتی۔
سیکیورٹی ماہرین نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ مشکوک لنکس پر کلک نہ کریں اور واٹس ایپ، فیس بک یا دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شیئر ہونے والی غیر مصدقہ معلومات سے محتاط رہیں۔ لوگوں کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اپنا شناختی کارڈ، بینکنگ پن یا والٹ کی تفصیلات کسی نامعلوم ذریعے کے ساتھ شیئر نہ کریں۔