محکمہ ایجوکیشن سندھ کی جانب سے یوم علی کے موقع پر صوبہ بھر میں تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یومِ علیؓ کے موقع پر سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں 11 مارچ 2026 کو عام تعطیل ہو گی، 21 رمضان المبارک کو یومِ علیؓ کے موقع پر اسکولز اور کالجز بند رہیں گے۔
حکومت کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق یومِ علیؓ پر تعلیمی سرگرمیاں معطل رہیں گی21 رمضان کو یومِ علیؓ کی مناسبت سے تعطیل ہو گی۔
واضح رہے کہ ہر سال 21 رمضان المبارک کو خلیفہ چہارم و داماد رسولؐ کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے، اس دن مختلف شہروں میں مجالس، جلوس اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے جن میں حضرت علیؓ کی حیات، کردار اور اسلامی تاریخ میں ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی تعلیمی اداروں میں موسم بہار کی چھٹیوں کا اعلان
اس موقع پر کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی خصوصی سکیورٹی انتظامات کیے جاتے ہیں تاکہ جلوسوں اور مجالس کے شرکا کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔
یوم علیؓ کے جلوسوں کے پیش نظر ٹریفک پلان بھی جاری کیا جاتا ہے اور اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے متبادل راستوں کا تعین کیا جاتا ہے، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ضلعی انتظامیہ مشترکہ طور پر سکیورٹی اور انتظامی امور کی نگرانی کرتے ہیں۔
تعلیمی اداروں میں تعطیل کا مقصد نہ صرف طلبہ اور اساتذہ کو مذہبی تقریبات میں شرکت کا موقع فراہم کرنا ہے بلکہ سکیورٹی انتظامات کو بھی بہتر بنانا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔