محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم خشک اور قدرے سرد رہے گا، تاہم کل سے خطہ پوٹھوہار، راولپنڈی، مری اور گلیات میں ہلکی بارش کا امکان ظہار کیا گیا ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے شمالی اضلاع جیسے چترال، دیر، باجوڑ اور کرم میں بھی چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان بھی ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور ٹھنڈا رہے گا۔
دوسری جانب پنجاب کے بڑے شہروں میں بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، جس کے باعث سموگ میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
واضح رہے کہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، قصور، شیخوپورہ، خانیوال، ساہیوال، رحیم یار خان، بہاولپور اور ملتان میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:زلزلے کے شدید جھٹکے، 7 افراد جاں بحق 150 زخمی
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، ماسک کے استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقے خشک جبکہ پہاڑی علاقے سرد رہے۔ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے شمالی حصوں میں رات کے اوقات میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ماہرینِ موسمیات کے مطابق آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ملک میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے سموگ زدہ علاقوں میں ہوا کے معیار میں بہتری بارش کے بعد ہی ممکن ہوگی۔