تفصیلات کے مطابق مرکزی جنرل سیکرٹری پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سلمان اکرم راجہ نے سابق وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی سے پی کے ایل آئی ہسپتال میں ان کی عیادت کی،راجہ سلمان اکرم کے ساتھ شوکت بسرا اور ظہیر بابر بھی موجود تھے۔
ذرائع کے مطابق سلمان اکرم راجہ اور شاہ محمود قریشی نے موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نائب کپتان شاہ محمود قریشی نے سلمان اکرم راجہ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو مفاہمت کا راستہ اختیار کرنے کی تجویز دیں،عمران خان کو باقی سیاسی جماعتوں سے رابطہ کرنے کی تجویز بھی پیش کریں۔
یہ بھی پڑھیں:پی ٹی آئی کا پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 چیلنج کر نے کا فیصلہ
سابق وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ٹکراؤ کی سیاست کی بجائے جمہوریت کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنماؤں فواد چوہدری،عمران اسماعیل اور مولوی محمود نے بھی شاہ محمود قریشی سے ہسپتال میں ملاقات کی تھی،جس میں موجودہ سیاسی درجہ حرارت کو نیچے لانے کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔