وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا پارٹی کارکنان کے نام اہم پیغام
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پارٹی کارکنان کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے متعلق اہم پیغام دے دیا۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سندھ سے آئے پارٹی کارکنان سے ملاقات کررہے ہیں
پشاور: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پارٹی کارکنان کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے متعلق اہم پیغام دے دیا۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی سے پی ٹی آئی سندھ کے کارکنان نے پشاور میں ملاقات کی ، پی ٹی آئی وفد کی سربراہی سندھ سے ایم این اے سیف الرحمان کر رہے تھے، رکن صوبائی کابینہ مزمل اسلم بھی ملاقات میں موجود تھے۔

پی ٹی آئی وفد نے سہیل آفریدی کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے ذاتی خرچے پر ملاقات کے لیے آنے والے وفد سے اظہار تشکر کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ کارکنان کا یہ جذبہ بانی سے والہانہ محبت کا عکاس ہے، بانی کی رہائی ہم سب کی اولین ترجیح ہے، کارکنان حوصلے بلند رکھیں اور اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں، ہم مشترکہ لائحہ عمل کے تحت بانی کو جلد رہا کرائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا پنجاب لوکل گورنمنٹ بل 2025 چیلنج کر نے کا فیصلہ

پی ٹی آئی وفد کے شرکاء نے کہا کہ سہیل آفریدی کے وزیر اعلیٰ بننے سے کارکنان کے اندر ایک نئی امید جاگی ہے، ہماری ایک ہی خواہش ہے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا کرایا جائے، پاکستان بھر سے کارکنان اور عوام کی امیدیں آپ سے وابستہ ہیں۔

وفد کے اراکین کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائی کے مقصد کے لیے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کے ساتھ ہیں اور فرنٹ لائن پر کردار ادا کریں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے وفد کی دعوت پر سندھ کا دورہ کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ دورہ سندھ سے متعلق شیڈول کا جلد اعلان کیا جائے گا۔