سوات و گردونواح میں زلزلے کے جھٹکوں سے شہری خوفزدہ
خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکوں سے شہری خوفزدہ ہو گئے۔
فائل فوٹو
سوات: (ویب ڈیسک)خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکوں سے شہری خوفزدہ ہو گئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت4.2ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 73 کلومیٹر تھی اور زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش تھا۔

زلزلے کے جھٹکوں کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دکانوں سے باہر نکل آئے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کے مطابق زلزلے کے باعث فوری طور پر کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی تاہم متعلقہ ادارے اور ضلعی انتظامیہ ممکنہ صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ زلزلے کے وقت پرسکون رہیں، عمارت سے باہر کھلی جگہ کا رخ کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے ضروری احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: سوات و گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس

یاد رہے کہ اس سے قبل 19 اکتوبر کو بھی سوات اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، ریکٹر سیل پر زلزلے کی شدت 4.5 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کی زیر زمین گہرائی 50 کلو میٹر تھی اور زلزلے کا مرکز کوہ ہندوکش کا پہاڑی سلسلہ تھا۔

قبل ازیں 17 اکتوبر کو بھی خیبرپختونخوا کے مختلف شہر زلزلے سے لرز اٹھے تھے، خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 17 اکتوبر کو آنے والے زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 6 ریکارڈ کہ گئی، زلزلے کی گہرائی 120 کلومیٹر جبکہ مرکزہندوکش ریجن افغانستان تھا۔