پشاور زلمی کا پاکستانی پائلٹس کیلئے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز پشاور زلمی نے پاکستانی پائلٹس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں 5 کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کر دیا
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز پشاور زلمی نے پاکستانی پائلٹس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کیا/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی معروف فرنچائز پشاور زلمی نے بھارت کے خلاف پاکستان کے کامیاب فضائی دفاع اور بروقت جوابی کارروائی میں کلیدی کردار ادا کرنے والے پاکستانی پائلٹس کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں 5 کروڑ روپے انعام دینے کا اعلان کر دیا۔

پشاور زلمی کے چیئرمین جاوید آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پیغام میں کہا کہ اپنے فضاؤں کے محافظ بہادر ہیروز کے لئے 5 کروڑ روپے انعام کا اعلان کرتے ہوئے فخر محسوس کر رہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان ہیروز کا بے مثال حوصلہ، عزم اور قربانی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے اور آج ہم انہیں صرف الفاظ میں نہیں بلکہ عملی طور پر بھی سلام پیش کرتے ہیں۔

جاوید آفریدی کے اس اعلان کو عوامی، عسکری اور سماجی حلقوں میں بے حد سراہا جا رہا ہے، اور اسے قومی یکجہتی اور حب الوطنی کا عملی مظاہرہ قرار دیا جا رہا ہے۔

پشاور زلمی کی جانب سے دیا گیا یہ انعام نہ صرف ایک قومی جذبے کی علامت ہے بلکہ اس بات کا پیغام بھی ہے کہ پاکستان کی تمام ریاستی اور غیر ریاستی قوتیں، خصوصاً نوجوان نسل، قومی دفاع اور خودمختاری کے لیے متحد اور پُرعزم ہیں۔ یہ اقدام اس امر کا بھی ثبوت ہے کہ کھیل، سماجی خدمت، اور قومی وقار کا آپس میں گہرا تعلق ہے اور جب بھی پاکستان کو کسی چیلنج کا سامنا ہو، پوری قوم ایک صف میں کھڑی ہو جاتی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب"آپریشن سندور" کے نام پر پاکستان پر حملے کی کوشش کی، جس میں پہلگام حملے کا الزام پاکستان پر دھر کر خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کی مذموم کوشش کی گئی۔ تاہم، پاکستان نے 10 مئی کو "آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ" کے ذریعے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، جس کے نتیجے میں پاکستان نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے۔