سونےکی قیمت میں آج پھر ہزاروں روپے کا اضافہ
پیر کے روز عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمت میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد نئی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔
مقامی صرافہ بازاروں میں آج کاروباری ہفتے کے پہلے روز فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 200 روپے کا بڑا اضافہ ریکارڈ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی نئی قیمت 4 لاکھ 87 ہزار 136 روپے سطح پر آگئی۔ اس کے علاوہ مقامی سطح پر 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار 601 روپے بڑھ کر 4 لاکھ 17 ہزار 640 روپے ہو گئی ہے۔
مقامی منڈی میں ہونے والی اس بڑی پیش رفت کا بنیادی سبب عالمی مارکیٹ میں جاری تیز ترین رجحان ہے, بین الاقوامی منڈی میں سونے کی فی اونس قیمت 42 ڈالر بڑھ کر 4,646 ڈالر کی سطح کو چھو چکی ہے۔
دوسری جانب مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی اور یہ 7 ہزار 379 روپے پر برقرار رہی۔
واضح رہے کہ 22 اگست کو فی تولہ سونا 5700 روپے اور 10 گرام سونا 4972 روپے مہنگا ہوا تھا، جس کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت 4 لاکھ 82 ہزار 936 روپے جب کہ 10 گرام سونے کی قیمت 4 لاکھ 14 ہزار 039 روپے ہوگئی تھی۔
معاشی ماہرین کا ماننا ہے کہ عالمی سطح پر پائے جانے والے معاشی تناؤ، افراطِ زر کے خدشات اور محفوظ سرمایہ کاری کے لیے سونے پر بڑھتے ہوئے انحصار نے مقامی مارکیٹ پر براہِ راست اثر ڈالا ہے، جس کے نتیجے میں مقامی صرافہ بازار میں خریداروں کی آمد شدید متاثر ہو رہی ہے۔