سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ، فی تولہ کتنے کا ہوگیا؟
عالمی معاشی صورتحال، سرمایہ کاروں کے رجحانات اور مارکیٹ میں غیر یقینی صورتحال کے باعث قیمتی دھات کی قیمتوں میں مسلسل اتار چڑھاؤ جاری ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق ملک میں 24 کیرٹ فی تولہ سونے کی قیمت میں 4 ہزار 600 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 33 ہزار 836 روپے کا ہوگیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 3 ہزار 944 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 71 ہزار 944 روپے ریکارڈ کی گئی۔
دوسری جانب چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا، صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ چاندی 7 روپے مہنگی ہو کر 6 ہزار 403 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کی قیمتوں میں تیزی کا رجحان برقرار رہا، جہاں فی اونس سونا 46 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 114 ڈالر کا ہوگیا۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر معاشی غیر یقینی، مختلف ممالک کے درمیان کشیدگی اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ اثاثوں میں سرمایہ کاری کے رجحان کے باعث سونے کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں ہونے والی تبدیلیوں کا براہِ راست اثر پاکستان کی صرافہ مارکیٹ پر پڑتا ہے۔ روپے کی قدر، عالمی قیمتوں اور مقامی طلب و رسد کی صورتحال کے باعث آنے والے دنوں میں بھی سونے کے نرخوں میں مزید اتار چڑھاؤ کا امکان موجود ہے۔